ممبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بالی وڈ اسٹار سنجے دت کے نام مداح نے کروڑوں کی جائیداد کر دیممبئی: ایک خاتون مداح نے بالی وڈ اداکار سنجے دت کے لیے اپنی تمام جائیداد مختص کر دی، جس کی مالیت اربوں پاکستانی روپے میں ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نشا پٹیل نامی خاتون مداح نے اپنی وفات سے قبل ایک وصیت میں سنجے دت کو اپنی جائیداد کا واحد وارث نامزد کر دیا۔ ان کی جائیداد اور بینک اکاؤنٹس کی مجموعی مالیت تقریباً 72 کروڑ بھارتی روپے (یعنی 2 ارب 29 کروڑ پاکستانی روپے) بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، 2018 میں نشا پٹیل کی وفات کے اگلے دن سنجے دت کو پولیس کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ ان کے نام یہ جائیداد وصیت میں درج کی گئی ہے۔ تاہم، اداکار کے وکیل نے تصدیق کی کہ سنجے دت اس خاتون کو نہیں جانتے تھے اور انہوں نے اس جائیداد پر کوئی دعویٰ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ سنجے دت کے اپنے اثاثے 295 کروڑ بھارتی روپے سے زائد ہیں۔ ان کے پاس ممبئی اور دبئی میں لگژری رہائش گاہیں ہیں، جبکہ وہ ایک فلم کے لیے 5 سے 8 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ان کے پاس مہنگی گاڑیوں کا بھی وسیع کلیکشن ہے، جن میں رولز روئس، رینج روور، فراری، آوڈی اور بی ایم ڈبلیو شامل ہیں۔

