اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک:وفاقی حکومت نے مسلسل تیسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔خزانہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 257 روپے 13 پیسے ہوگئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 7 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد یہ 267 روپے 95 پیسے تک پہنچ گئی۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا تعین کیا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے 31 دسمبر کو نئے سال کے آغاز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 56 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جبکہ 15 جنوری کو مزید 3 روپے 47 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے ساتھ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے 61 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

