ممبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: معروف بھارتی گلوکار اُدِت نارائن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ایک لائیو کنسرٹ کے دوران اسٹیج کے قریب آ کر مداحوں کے ساتھ تصاویر لیتے نظر آتے ہیں۔ اسی دوران ایک ایسا لمحہ آتا ہے جو ان کے لیے تنازع کا سبب بن گیا۔ اگرچہ 69 سالہ اُدِت نارائن نے اس معاملے پر اپنی وضاحت پیش کی ہے، لیکن سوشل میڈیا صارفین ان کی مزید ویڈیوز اور تصاویر شیئر کر رہے ہیں۔
یہ ویڈیو کب کی ہے اور کس کنسرٹ کی ہے، اس کی تصدیق نہیں ہو سکی، مگر حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔ بالی وڈ ٹاکیز کے ایکس ہینڈل پر شیئر کی گئی اس ویڈیو کو تقریباً 40 لاکھ ویوز مل چکے ہیں۔ اس میں فلم مہرہ کے مشہور گانے ٹپ ٹپ برسا پانی کی دھن سنائی دے رہی ہے، جب اُدِت نارائن گاتے ہوئے مداحوں کی طرف بڑھتے ہیں۔ پہلے وہ کچھ خواتین مداحوں کے گالوں پر بوسہ دیتے ہیں، لیکن جب ایک خاتون پرستار انہیں گال پر بوسہ دیتی ہے، تو وہ جواباً اس کے ہونٹوں پر بوسہ دیتے ہیں، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا کا ملا جلا ردعمل
یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کئی صارفین نے اُدِت نارائن کے رویے کو نامناسب قرار دیا، جبکہ کچھ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یقین نہیں کر سکتے کہ ایسا واقعی ہوا ہے۔ کچھ لوگوں نے اس لمحے کا موازنہ فلم مہرہ میں اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن کے مشہور سین سے کیا، اور طنزیہ انداز میں کہا کہ اُدِت نارائن کو اکشے کمار سے سیکھنا چاہیے، جنہوں نے جذباتی مناظر میں بھی تحمل کا مظاہرہ کیا تھا۔
دوسری طرف، کچھ صارفین نے اُدِت نارائن کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مداحوں نے پہلے انہیں بوسہ دیا تھا، اور وہ صرف ان کے جذبات کا احترام کر رہے تھے۔ اسی دوران کچھ صارفین نے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کے ایک کنسرٹ کی ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ایک مداح کو بچاتے ہوئے کہتے ہیں کہ "یہ ہماری مائیں بہنیں ہو سکتی ہیں۔"
ادِت نارائن کی وضاحت
بھارتی روزنامہ ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے اُدِت نارائن نے کہا: "فینز دیوانے ہوتے ہیں، ہم لوگ ایسے نہیں ہیں، ہم شائستہ لوگ ہیں۔ کچھ لوگ اپنے جذبات کے اظہار کے لیے ایسی چیزوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ اب ایسی چیز کو اڑانے کا کیا فائدہ؟"
انہوں نے مزید کہا کہ کنسرٹ کے دوران مداح اکثر جوش میں آ جاتے ہیں، کوئی ہاتھ ملاتا ہے، کوئی بوسہ دیتا ہے، اور یہ سب ان کی محبت کا حصہ ہوتا ہے، جس پر زیادہ دھیان نہیں دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تنازع ان کے خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہو سکتا ہے، کیونکہ ان کی فیملی ہمیشہ تنازعات سے دور رہی ہے۔
ہونٹوں پر بوسہ دینے کے واقعے پر وضاحت دیتے ہوئے اُدِت نارائن نے کہا: "یہ ایک بے ساختہ لمحہ تھا۔ میں 46 سال سے بالی وڈ انڈسٹری میں ہوں اور میری ایسی کوئی شبیہ نہیں رہی۔ میں ہمیشہ مداحوں کی محبت کو ہاتھ جوڑ کر قبول کرتا ہوں، کیونکہ یہ لمحات دوبارہ نہیں آتے۔"
ادِت نارائن کا کیریئر اور کامیابیاں
اُدِت نارائن نے 1980 میں لیجنڈ گلوکار محمد رفیع کے ساتھ مل گیا مل گیا گانے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ تاہم، عامر خان کی فلم قیامت سے قیامت تک کے گانے پاپا کہتے ہیں بڑا نام کرے گا نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور وہ پہلی بار فلم فیئر ایوارڈ کے حقدار ٹھہرے۔
انہیں اب تک پانچ فلم فیئر ایوارڈز اور چار نیشنل ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے، جبکہ بھارت کے تیسرے اور چوتھے بڑے شہری اعزاز پدم بھوشن اور پدم شری بھی حاصل کر چکے ہیں۔

