پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے بہت بڑا بیان دے ڈالا

0

 پشاور/ مانیٹرنگ ڈیسک: خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے تحریک انصاف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے زیادہ جھوٹ اسی جماعت کے لوگ بولتے ہیں، اور وہ اب سے اس جھوٹ کے خلاف جدوجہد کا آغاز کر رہے ہیں۔



نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی سیاست میں لگا دی، لیکن ضلع نوشہرہ کے عوام نے ان کے ساتھ نہیں بلکہ خود کے ساتھ زیادتی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بطور وزیر اعلیٰ صوبے کی بہتری کے لیے جو بھی اقدامات کیے، وہ اپنی محنت سے کیے، جبکہ پچھلے انتخابات میں لوگ حقیقت کو نظرانداز کر چکے تھے۔


پرویز خٹک نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام صرف ایک سال میں حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صحت کارڈ کا آغاز ان کے دور میں ہوا، جبکہ تعلیم اور پولیس کے نظام میں اصلاحات بھی ان ہی کی کوششوں کا نتیجہ تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد ایک کتاب لکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس میں تمام حقائق کھل کر بیان کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کے بعد ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا، حالانکہ انہوں نے کسی جماعت میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا جلسہ اصل میں عوامی جرگہ تھا، جس کا مقصد ان کے خاندان کے اندرونی اختلافات کو ختم کرنا تھا۔

جلسے کے دوران ان کے بھائی لیاقت خٹک نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ان کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیاں اب ختم ہو چکی ہیں۔


واضح رہے کہ 2023 میں پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرکے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے نام سے اپنی جماعت بنائی تھی۔ تاہم، عام انتخابات 2024 میں وہ اپنی نشستیں ہار گئے، جس کے بعد انہوں نے پارٹی کی سربراہی چھوڑ کر سیاست سے کچھ عرصے کے لیے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !