اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: ملک بھر میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخیبر آزاد نے کی۔
ملک کے کسی بھی حصے سے چاند دیکھنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد پہلا روزہ اتوار، 2 مارچ کو رکھا جائے گا۔ چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کریں گے۔
پنجاب کی زونل کمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ لاہور میں چاند دیکھنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی، اور اس حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کے مطابق بلوچستان کے کسی شہر سے بھی چاند دیکھنے کی شہادت نہیں ملی۔
کراچی کی زونل کمیٹی کو بھی چاند دیکھنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی زونل کمیٹی کو بھی چاند کی رویت سے متعلق کوئی شہادت نہیں ملی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک میں چاند نظر آنے کا امکان نہیں تھا۔ محکمے نے وضاحت کی کہ چاند آج صبح 5 بج کر 44 منٹ پر پیدا ہوا، جبکہ اسے نظر آنے کے لیے کم از کم 16 سے 18 گھنٹے کی عمر درکار ہوتی ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق کراچی میں بادل چھائے ہوئے ہیں، تاہم بلوچستان اور پنجاب میں مطلع صاف ہے۔
سپارکو کے مطابق چاند کی پیدائش صبح 5:44 پر ہوئی، مگر غروبِ آفتاب کے وقت اس کی عمر صرف 12 گھنٹے ہوگی، جس کے باعث چاند نظر آنا ممکن نہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چاند اور سورج کے درمیان زاویائی فاصلہ صرف 7 ڈگری ہے، جو انسانی آنکھ سے چاند دیکھنے میں رکاوٹ پیدا کرے گا۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں رمضان کا آغاز 2 مارچ 2025 سے متوقع ہے، جبکہ سعودی عرب میں 28 فروری کو چاند نظر آنے کا امکان ہے۔
سپارکو کے ترجمان نے مزید بتایا کہ شوال کا چاند 30 مارچ کو نظر آنے کی توقع ہے، جس کے مطابق عیدالفطر 31 مارچ کو ہوسکتی ہے۔ تاہم، رمضان کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

