نئی دہلی / مانیٹرنگ ڈیسک: شادی ہر دلہا اور دلہن کے لیے زندگی کا ایک یادگار اور خوشگوار موقع ہوتا ہے، جس کی تیاری دونوں خاندان بڑے جوش و خروش سے کرتے ہیں۔ تاہم، بھارت سے ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک دلہا شادی کے بندھن میں بندھنے سے پہلے ہی دنیا سے رخصت ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپور میں پیش آیا، جہاں پردیپ جاٹ نامی دلہا اپنی بارات لے کر دلہن کے گھر جا رہا تھا۔ وہ گھوڑی پر سوار تھا اور اس کے اردگرد باراتی خوشی میں جھوم رہے تھے، لیکن اچانک پردیپ گھوڑے سے نیچے گر گیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی ایک رسم کے تحت پردیپ کو گھوڑی سے اتر کر رقص کرنا تھا، لیکن وہ اترنے سے قبل ہی گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا گیا ہے۔ اس اچانک سانحے نے خوشیوں سے بھرے گھر کو غم میں مبتلا کر دیا۔

