نئی دہلی/ مانیٹرنگ ڈیسک: حال ہی میں بھارت کے ایک سرکاری ہسپتال میں ایک خاتون جب اپنا الٹرا ساؤنڈ کروانے گئیں، تو ڈاکٹرز کو اس کے پیٹ میں موجود بچے کے علاوہ کچھ غیر معمولی چیز بھی دکھائی دی، جس نے سب کو حیران کن صورتحال میں مبتلا کر دیا۔انڈیا کے ضلع بلڈھانہ میں آٹھ ماہ کی حاملہ خاتون سرکاری ہسپتال میں الٹرا ساؤنڈ کے لیے آئی تھیں، جہاں اس دوران ڈاکٹرز کو بچے کے پیٹ میں ایک اور چھوٹا بچہ نظر آیا۔
ضلع بلڈھانہ کے محکمہ صحت نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کی جسمانی حالت بالکل معمول کے مطابق ہے اور ڈاکٹرز امید ظاہر کر رہے ہیں کہ ڈیلیوری نارمل طریقے سے ہو گی۔ بچے کے پیٹ میں موجود ننھے جنین کو ڈیلیوری کے بعد ہی نکالا جا سکے گا۔
یاد رہے کہ پچھلے برس پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں ایک نو ماہ کی بچی کے پیٹ سے دوران آپریشن بچہ نکالنے کا واقعہ بھی سامنے آیا تھا۔ اس واقعے میں بچی کے والدین کا کہنا تھا کہ وہ بچی کی ایک ماہ کی عمر سے زیادہ رونے اور پیٹ پھولنے کی شکایت کر رہے تھے، لیکن اس کی درست تشخیص میں وقت لگا۔ بالآخر رحیم یار خان کے شیخ زید ہسپتال کے پیڈیاٹرک سرجن نے الٹرا ساؤنڈ کے ذریعے اس کے پیٹ میں پانی کی تھیلی اور رسولی کی تشخیص کی، لیکن آپریشن کے دوران انکشاف ہوا کہ پیٹ میں پانی کی تھیلی کے علاوہ بچہ بھی موجود تھا۔

