لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: جنوبی افریقا کے اوپنر میتھیو بریٹزکے نے نیوزی لینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے دوران ون ڈے ڈیبیو پر سب سے زیادہ اسکور کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان کا ایک اور ریکارڈ ٹوٹ گیا
میتھیو بریٹزکے نے 148 گیندوں پر 150 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ 1978 میں ویسٹ انڈیز کے ڈیسمنڈ ہینز کا توڑا، جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں 148 رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقا کے لیے ون ڈے ڈیبیو پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا پچھلا ریکارڈ 2010 میں کولن انگرام کے نام تھا، جنہوں نے زمبابوے کے خلاف 124 رنز اسکور کیے تھے۔
بریٹزکے کی شاندار اننگز کی بدولت جنوبی افریقا نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔ 26 سالہ بیٹر کو جیمی اسمتھ کے 41 اور ویان ملڈر کے 64 رنز کا بھی ساتھ ملا۔
بریٹزکے کو گزشتہ سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے نیلامی میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے 75 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر اپنی ٹیم کا حصہ بنایا تھا۔
انہوں نے حالیہ اختتام پذیر SA20 لیگ میں ڈربن سپر جائنٹس کی نمائندگی کی، جہاں 7 اننگز میں 117 رنز بنائے اور اسٹرائیک ریٹ 103.53 رہا۔ تاہم 2024 کے ٹورنامنٹ میں وہ تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر تھے، جہاں انہوں نے 416 رنز 135.5 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے تھے۔
میتھیو بریٹزکے اب تک 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جبکہ گزشتہ سال اکتوبر میں انہوں نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔

