اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو سزا سنانے والے جج ناصر جاوید رانا کا تبادلہ کر دیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی ہدایت پر احتساب عدالت کے جج کا تبادلہ کیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن رجسٹرار نے جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جج ناصر جاوید رانا کو احتساب عدالت اسلام آباد سے ہٹا کر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں، جسٹس اعظم خان اس عہدے پر فائز تھے، تاہم ان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں بطور جج تعیناتی کے بعد یہ نشست خالی ہو گئی تھی۔ اس دوران ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو عبوری طور پر قائم مقام سیشن جج مقرر کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 17 جنوری کو جج ناصر جاوید رانا نے تین مرتبہ مؤخر کیے جانے کے بعد 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت نے عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں 14 سال قید کی سزا دی، جبکہ بشریٰ بی بی کو معاونت کے جرم میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ اس کے علاوہ، عمران خان پر 10 لاکھ روپے اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

