ڈھاکہ/ مانیٹرنگ ڈیسک: بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ایک پاکستانی کرکٹر سمیت دو افراد نے لیگ ادھوری چھوڑ دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بی پی ایل کی فرنچائز دربار راجشاہی سے پاکستان کے سعد نسیم، اسسٹنٹ کوچ افتخار انجم اور تجزیہ کار فیصل نے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ اس سے قبل دربار راجشاہی کے کھلاڑیوں نے تنخواہوں میں تاخیر کے خلاف احتجاجاً پریکٹس سے انکار کردیا تھا، تاہم لیگ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
ادھر سعد نسیم، افتخار انجم اور فیصل نے واجبات کی عدم ادائیگی پر فرنچائز سے الگ ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ کھلاڑی اور معاون عملے کے یہ دو اراکین بارہا اپنی تشویش فرنچائز کو پہنچاتے رہے، لیکن مسئلہ حل نہ ہونے پر لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس سے قبل بھی واجبات نہ ملنے پر پاکستانی کھلاڑیوں سمیت چھ غیر ملکی کرکٹرز نے کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی مداخلت پر وہ کھیلنے پر آمادہ ہو گئے۔ بائیکاٹ کرنے والوں میں پاکستان کے محمد حارث اور آفتاب عالم کے علاوہ لاہیرو، میکول کمنز، مارک ڈوئل اور رین برل شامل تھے۔

