لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: چیمپئنز ٹرافی میں مایوس کن کارکردگی کے باعث ٹیم سے باہر کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے آئندہ سیریز سے دستبرداری پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام قومی ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی پر شدید ناخوش ہیں۔ اسی تناظر میں کچھ سینئر کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف مجوزہ سیریز میں شرکت نہ کرنے پر مشاورت کی ہے، اور ممکنہ طور پر کچھ کھلاڑی اس دورے سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔
پاکستان کی اگلی کرکٹ اسائنمنٹ نیوزی لینڈ میں شیڈول ہے، جہاں قومی ٹیم 16 مارچ سے 5 اپریل تک محدود اوورز کی سیریز میں 5 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کھیلے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چند کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی میں خراب کارکردگی کے باعث ڈراپ ہونے کے بجائے ازخود دستبرداری کا منصوبہ بنا رہے ہیں، کیونکہ ٹیم سے باہر کیے جانے کا تاثر ان کے کیریئر پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور بابر اعظم کو ڈراپ کیے جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے 6 وکٹوں سے ہرایا تھا، اور تیسرا میچ بارش کے سبب منسوخ ہو گیا تھا۔

.jpg)