پشاور / مانیٹرنگ ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے سابق وزرا کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کو اپنی کابینہ میں شامل نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے اس فیصلے پر بانی پی ٹی آئی کی منظوری حاصل کرلی ہے، جس کے تحت خیبر پختونخوا کے سابق وزرا کو کابینہ میں جگہ نہیں دی جائے گی
اس حوالے سے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ جماعت کا اندرونی معاملہ ہے، اس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کسی ساتھی کے خلاف سازش پر یقین نہیں رکھتے، ماضی میں بانی پی ٹی آئی نے انہیں دو اہم وزارتیں سونپی تھیں، اور اس بار بھی ملاقات کے لیے بلایا گیا تھا، مگر ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
ادھر مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کا داخلی مسئلہ ہے، جس پر میڈیا میں بات کرنا ضروری نہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کو کابینہ میں شامل کرنے کی ہدایت دی تھی، اور اس حوالے سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ کو عمران خان کا پیغام بھی پہنچایا تھا۔

