ممبئی کی سڑکوں پر ایک شخص کو میلے کپڑوں اور بکھرے بالوں کے ساتھ غیر معمولی حرکات کرتے دیکھ کر شہری حیران رہ گئے، لیکن وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ درحقیقت وہ کون ہے۔
یہ کوئی اور نہیں بلکہ بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان تھے، جو بدلے ہوئے حلیے میں عوام کے درمیان کئی گھنٹوں تک موجود رہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ لوگ ان کی اصل شناخت سے لاعلم رہے اور ان کے قریب جانے کے بجائے دور ہٹتے رہے۔ عامر خان کو بکھری داڑھی، لمبے الجھے بالوں اور پرانے کپڑوں میں دیکھا گیا، جبکہ وہ ایک ہاتھ گاڑی دھکیلتے بھی نظر آئے۔ ان کا روپ اس قدر حقیقی معلوم ہو رہا تھا کہ بیشتر افراد انہیں پہچان ہی نہ سکے۔
اس سے قبل عامر خان کی اس منفرد انداز میں تیار ہونے کی تصاویر منظرعام پر آئی تھیں، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ کس مقصد کے لیے یہ روپ اپنا رہے ہیں۔ ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مداحوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں، اور سب بے صبری سے جاننا چاہتے ہیں کہ وہ کس نئے پروجیکٹ کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

