کراچی / مانیٹرنگ ڈیسک: چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے ہرا دیا ۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں پر 315 رنز بنائے ۔ جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ ڈسپلے کرتے ہوئے رنز کے انبار لگا دیے ۔ وکٹ کیپر اوپننگ بلے باز ریکلٹن نے سنچری سکور کی جبکہ کپتان باووما ، ویر ڈور ڈوسن اور مارکرم نے نصف سنچریاں بنائیں ۔۔محمد نبی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ افغانستان کی باؤلنگ اور فیلڈنگ کا معیار انتہائی ناقص رہا ۔
جہاں نور احمد اور فضل حق فاروقی انتہائی مہنگے ثابت ہوئے وہیں پر فیلڈرز کی ناقص کارکردگی کا فائدہ جنوبی افریقہ کو رنز کی صورت میں ملا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے افغان بلے باز شروع ہی سے دباؤ کا شکار نظر آئے۔ اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں ۔۔رحمت اللہ کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی جنوبی افریقی فاسٹ باؤلرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ رحمت اللہ نے 90 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ افغانستان کی ٹیم 207 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔ کیگیسو رباڈا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سنچری سکور کرنے والے ریکلٹن مین آف دی میچ قرار پائے ۔۔ چیمپئنز ٹرافی میں کل انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔۔ پاکستان اپنا اہم میچ اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

