اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: جس طرح آج کی مادی دنیا میں زیادہ سے زیادہ پیسہ کمانے کی خواہش بڑھتی جا رہی ہے لوگوں کی اسی خواہش اور اندھی ہوس کو دیکھتے ہوئے کچھ انتہائی شاطر اور سفاک دھوکے باز عناصر فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں کی جیبوں سے بھاری رقوم اینٹھنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں ۔ ایسا ہی ایک جال حالیہ چند ماہ میں بن کر۔لوگوں سے بھاری رقوم بٹوری جا رہی ہیں ۔
صارفین کو واٹس ایپ پر میسج وصول ہوتا ہے کہ آسان سا کام کریں اور پیسے کمائیں ۔ سوشل میڈیا ایپ ٹیلی گرام پر ایک گروپ بنا کر ہزاروں لوگوں کو اس میں ایڈ کر دیا جاتا ہے۔۔شروع شروع میں لوگوں کو آسان سا کام دے کر سو دو سو یا تین سو روپے کی کمائی ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جاتی ہے۔ مثلاً آپ کو کچھ یو ٹیوب چینلز کے لنک ارسال کرکے کہا جاتا ہے کہ ان کو سبسکرائب کرکے سکرین شاٹ بھھیجیں، اسی طرح ایک سیریل بھیج کر کسی مخصوص نمبر کو ووٹ کرنے کا کہا جاتا ہے اور ان دونوں کاموں کے عوض لوگوں کو کچھ رقم ان کے ایزی پیسہ اکاؤنٹ میں بھیج دی جاتی یے۔ اب جب لوگ اگلا ٹاسک ملنے کے لیے بے تابی سے منتظر ہو جاتے ہیں تو انھیں کہا جاتا ہے کہ اب آپ کو کچھ رقوم انویسٹ کرنا ہیں۔ جس پر آپ کو پرافٹ دیا جائے گا۔ یہ رقوم 7 ہزار سے شروع ہوتی ہیں اور لاکھوں تک جاتی ہیں ۔یعنی گڑ اور میٹھے کا لالچ دے کر زیادہ سے زیادہ رقوم بذریعہ ,جیز کیش وغیرہ بھیجنے کا کہا جاتا ہے۔ اور پیسے بھجنے کے بعد سکرین شاٹ بھیجنے کا بھی کہا جاتا ہے۔ دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں سکرین شاٹس آجاتے ہیں جن کی دیکھا دیکھی لوگ دھڑا دھڑا انویسٹمنٹ کرنے لگ جاتے ہیں ۔یوں بیک وقت ان سینکڑوں یا ہزاروں لوگوں کے لاکھوں روپے بٹورنے کے بعد وہ گروپ منظر عام سے غائب ہو جاتا ہے۔۔
نوٹ: یہ پوسٹ خاص طور پر عوام الناس کو دھوکہ دہی سے بچانے کےلیے سماجی خدمت کے طور پر تحریر کی گئی ہے ۔ اسے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں کیونکہ عام لوگوں کو اس حوالے سے آگاہی نہیں ہے ۔

