لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: لاہور کے علاقے سمن آباد میں سابق صوبائی وزیر اور پی ٹی آئی کے روپوش رہنما میاں اسلم اقبال کے ڈیرے سے ملنے والی لاش کی گتھی سلجھ گئی۔
گزشتہ روز میاں اسلم اقبال کے ڈیرے کے ایک کمرے میں ایک 40 سالہ شخص کی بوسیدہ لاش برآمد ہوئی تھی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی، جو فیصل آباد کا رہائشی اور سابق پولیس اہلکار تھا۔ تفتیش میں معلوم ہوا کہ عمران اور کانسٹیبل ارشد نشے کی حالت میں تھے، اس دوران دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس پر ارشد نے فائرنگ کرکے عمران کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کانسٹیبل ارشد کو میانوالی سے گرفتار کرلیا۔ تفتیش سے پتہ چلا کہ اس نے میاں اسلم اقبال کے ڈیرے میں ایک کوارٹر کرائے پر لے رکھا تھا۔ دورانِ چھاپہ فلیٹ سے آئس نشہ کرنے کا سامان بھی برآمد ہوا۔

