لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان کے نوجوان جارح مزاج بیٹر صائم ایوب جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ٹخنے کی انجری کے باعث 10 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ صائم ایوب 10 ہفتوں تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔ انہیں یہ انجری 3 جنوری کو جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں فیلڈنگ کے دوران پیش آئی تھی۔
پی سی بی کے مطابق صائم ایوب کے ایم آر آئی، ایکسرے اور دیگر میڈیکل رپورٹس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ صائم ایوب کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شرکت کا انحصار ان کی فٹنس پر ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ صائم ایوب انگلینڈ میں ری ہیب کا عمل جاری رکھیں گے اور پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وائٹ بال سیریز 16 مارچ سے 5 اپریل تک کھیلی جائے گی۔

