لندن / مانیٹرنگ ڈیسک: برطانوی ٹینس اسٹار ایما راڈوکانو کو میچز کے دوران مسلسل گھورنے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایما راڈوکانو کے کوچ نے انکشاف کیا کہ یہ شخص مختلف ممالک میں ان کا پیچھا کرتا رہا۔ ابتدا میں وہ اسے ایک عام مداح سمجھ رہے تھے، لیکن وقت کے ساتھ اس کی حرکات مشکوک ہونے لگیں، اور وہ کھلاڑی کے قریب آنے کی کوشش کرنے لگا۔
یہ شخص نہ صرف ایما راڈوکانو کے ساتھ سیلفیاں لیتا رہا بلکہ موقع دیکھ کر، سکیورٹی گارڈ کی غیر موجودگی میں، انہیں گلے لگانے کی کوشش بھی کی۔
کوچ کے مطابق، دبئی میں ایک میچ کے دوران اس شخص کو دیکھ کر ایما راڈوکانو شدید خوفزدہ ہو گئیں اور رو پڑیں۔ انہوں نے امپائر سے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ تماشائیوں میں موجود یہ شخص انہیں ہراساں کر رہا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ٹینس اسٹار کی شکایت کے بعد دبئی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو حراست میں لے لیا، تاکہ مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔

