ممبئی ، راولپنڈی/ مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی کمنٹیٹر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر سنجے منجریکر نے سچن ٹنڈولکر کے کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران پیش آئے ایک دلچسپ واقعے کی یادداشت شئیر کی ہے۔ منجریکر کہتے ہیں کہ 15 سالہ ٹنڈولکر راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے۔۔اس وقت نان اسٹرائیکر اینڈ پر میں کھڑا تھا۔ باؤلر کی ایک بال لیگ سٹمپ لائن پر پڑی اور ٹنڈولکر کے بیٹ کے قریب سے ہوتی ہوئی پیچھے کیپر کے ہاتھ میں چلی گئی ۔سکوائر لیگ پر کھڑے ہوئے پاکستانی کپتان عمران خان نے اپیل کرنا شروع کر دی۔ جبکہ نہ باؤلر نے کوئی اپیل کی اور نہ ہی کیپر نے۔ خود مجھے بھی پتہ نہیں تھا کہ عمران خان اپیل کیوں کر رہے ہیں کیونکہ میں نے بھی ایج کی آواز نہیں سنی۔ امپائر نے اپیل مسترد کر دی ۔ اور عمران خان نے باؤلر اور کیپر کو ڈانٹنا شروع کر دیا اور گیم پر دھیان دینے کو کہا۔
اوور کے اختتام پر میں اور سچن جب پچ کے درمیان میں
اکٹھے ہوئے تو سچن ٹنڈولکر نے عمران خان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا
' کیا آدمی ہے یار یہ، کتنے پتلے کان ہیں اس کے'
میں نے حیرت سے سچن سے پوچھا ' کیا ایج لگا تھا؟
جس پر سچن نے بتایا کہ ایج لگا تھا لیکن وہ اتنا باریک تھا کہ کیپر باؤلر امپائر سمیت کسی نے نہیں سنا تھا لیکن پتہ نہیں عمران خان نے کیسے سن لیا ۔ تب ہمیں اندازہ ہوا کہ عمران خان کا گیم پر فوکس کتنا زیادہ تھا اور وہ کس طرح سے میچز میں جان لڑایا کرتے تھے۔۔

