واشنگٹن / مانیٹرنگ ڈیسک: امریکی ریاست پنسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا کے شمال مشرقی علاقے میں ایک چھوٹا طیارہ شاپنگ مال کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق، حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں چھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، اور حکام نے طیارہ گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب جمعرات کے روز واشنگٹن میں بھی ایک مسافر جہاز اور ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم ہوا تھا، جس میں تمام 67 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی فائر چیف کے مطابق، اب تک 41 افراد کی باقیات برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ 28 لاشوں کی شناخت مکمل ہو چکی ہے۔

