راولپنڈی/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے جیل میں پاکستان کا میچ دیکھا اور ٹیم کی شکست پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان آج کرکٹ پر سب سے زیادہ برہم تھے۔ انہوں نے کہا کہ میچ ہارنے کے بعد عمران خان نے اپنی ناراضگی کرکٹ پر نکالی اور شکست پر افسوس کا اظہار کیا۔ علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ان کے بارے میں صرف پارٹی کے عہدیدار ہی بات کریں۔
عمران خان نے قومی ٹیم کی ناکامی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب سفارشی افراد کو مواقع دیے جائیں گے تو کرکٹ کا زوال یقینی ہوگا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ محسن نقوی کے پاس کرکٹ کا کیا تجربہ ہے؟
عمران خان کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان کی بے ہوشی کی خبریں صرف عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے پھیلائی گئیں، عمران خان خود ان خبروں پر ہنسے اور ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
اسی دوران پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ عمران خان قومی کرکٹ کی صورتحال پر افسردہ ہیں۔ ان کے مطابق کرکٹ کو ناتجربہ کار افراد کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس سے یہ کھیل مذاق بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ 23 فروری کو چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں بھارت کے خلاف شکست کے بعد پاکستان مسلسل دوسری بار ہارا اور ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

