لاہور / سہ فریقی ٹورنامنٹ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی اوپننگ جوڑی کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ ان مقابلوں میں فخر زمان کے ساتھ اننگز کا آغاز تجربہ کار بیٹر بابر اعظم کریں گے۔ٹیم مینجمنٹ نے بابر اعظم کو ہدایت دی ہے کہ وہ قومی ٹیم میں اسی طرح کا کردار نبھائیں جیسا کہ بھارتی ٹیم میں سچن ٹنڈولکر نے ادا کیا تھا، اور بابر نے اس چیلنج کو قبول کر لیا ہے۔ حال ہی میں اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں فخر زمان واحد مستقل اوپنر کے طور پر شامل ہیں، جبکہ چیف سلیکٹر اسد شفیق کے مطابق دوسرے اوپنر کا حتمی فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران پہلے ہی گھنٹے میں صائم ایوب کے ٹخنے پر چوٹ لگنے کے بعد کوچ عاقب جاوید اور دیگر ماہرین کو اندازہ ہو گیا تھا کہ ان کی انجری سنگین نوعیت کی ہے اور وہ مکمل صحت یابی میں کم از کم دو سے ڈھائی ماہ لگیں گے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر محمد رضوان، عاقب جاوید، بیٹنگ کوچ شاہد اسلم اور سلیکٹرز نے بابر اعظم سے متعدد ملاقاتیں کیں اور انہیں قائل کیا کہ وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں اوپننگ کریں۔

