دوبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی ٹیم کی نئی جرسی کی رونمائیبھارتی کرکٹ ٹیم نے پیر کے روز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی نئی جرسی متعارف کرا دی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: سابق پاکستانی کپتان نے راشد خان کو وسیم اکرم سے بہتر کرکٹر قرار دے دیا
کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، رویندر جڈیجا، ہاردک پانڈیا اور ارشدیپ سنگھ سمیت کئی بھارتی کھلاڑیوں کو نئی جرسی میں تصویریں کھنچواتے ہوئے دیکھا گیا۔ تاہم، جرسی سے زیادہ توجہ جس چیز نے حاصل کی، وہ اس پر چیمپئنز ٹرافی کے میزبان ملک 'پاکستان' کے نام کی موجودگی تھی۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ بھارتی ٹیم کی کٹ پر میزبان ملک کا نام شامل نہیں ہوگا، کیونکہ اس معاملے پر بھارت نے ماضی میں تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی تھی۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق، ہر ٹیم کی جرسی پر چیمپئنز ٹرافی کے آفیشل لوگو کے ساتھ میزبان ملک کا نام درج ہونا ضروری ہے، قطع نظر اس کے کہ میچز کہاں کھیلے جا رہے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ ٹیم آئی سی سی کے اصولوں پر عمل کرے گی۔ جب آئی سی سی نے پیر کو بھارتی کھلاڑیوں کی تصاویر جاری کیں، تو ان کی جرسی پر چیمپئنز ٹرافی کا آفیشل لوگو اور میزبان ملک 'پاکستان' کا نام نمایاں طور پر موجود تھا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ حالیہ برسوں میں بھارتی ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام درج ہوا ہے۔ اس سے قبل ایشیا کپ 2023 کے دوران، جس کی میزبانی پاکستان کے پاس تھی، بھارت نے تنازع کھڑا کیا تھا، جس کے نتیجے میں ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کی کٹ سے میزبان ملک کا نام ہٹانے کی منظوری دی تھی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے شروع ہو رہی ہے، اور افتتاحی میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔ بھارت اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا، جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ 23 فروری کو دبئی میں منعقد ہوگا۔

