دوبئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: بھارت نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ایک تاریخی کامیابی حاصل کرلی، جس کے ساتھ ہی آئی سی سی ٹورنامنٹس کے ناک آؤٹ میچز میں آسٹریلیا کے خلاف 14 سالہ ناکامی کا سلسلہ توڑ دیا۔ دبئی میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں بھارت نے 265 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، یوں فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اس فتح کے ساتھ بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف ناک آؤٹ مقابلوں میں اپنی کارکردگی کو بہتر کیا، کیونکہ اس سے قبل 2011 کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل کے بعد بھارت مسلسل تین بڑے ناک آؤٹ مقابلوں میں شکست کھا چکا تھا۔
آئی سی سی ناک آؤٹ مقابلوں میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان مجموعی طور پر آٹھ میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں دونوں ٹیموں نے چار، چار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ بھارت کو 2015 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل، 2023 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل، اور 2023 ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل میں فتح کے ساتھ بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف ناک آؤٹ میچز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔

