ممبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بالی ووڈ ک
ے معروف اداکار سنیل شیٹی نے ایک حیران کن واقعے کا انکشاف کیا، جس میں ایک پاکستانی شہری نے مشکل وقت میں ان کی مدد کی اور ممکنہ خطرے سے بچایا۔ یہ واقعہ 2001 میں امریکہ میں پیش آیا، جب 9/11 کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد حالات انتہائی کشیدہ تھے۔
سنیل شیٹی ان دنوں لاس اینجلس میں فلم کانٹے کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ایک غلط فہمی کے باعث وہ سنگین مشکل میں پھنس گئے تھے، مگر ایک پاکستانی نژاد ہوٹل منیجر نے انہیں نجات دلائی۔ اداکار کے مطابق، 9/11 کے چند دن بعد وہ اپنے ہوٹل میں واپس آئے اور لفٹ میں سوار ہو گئے۔ وہاں انہوں نے ایک امریکی شخص سے پوچھا کہ آیا اس کے پاس چابی ہے، کیونکہ وہ اپنی چابیاں کمرے میں بھول چکے تھے۔ تاہم، اس شخص نے سنیل کی بات کا غلط مطلب لیا اور فوراً پولیس کو اطلاع دے دی۔
چند لمحوں میں مسلح پولیس اہلکاروں نے انہیں گھیر لیا، ہتھکڑیاں پہنا دیں اور فرش پر بٹھا دیا۔ سنیل شیٹی نے بتایا کہ وہ شدید پریشان تھے اور سمجھ نہیں پا رہے تھے کہ ان کے ساتھ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔ ایسے میں ہوٹل کے پاکستانی منیجر نے مداخلت کرتے ہوئے پولیس کو یقین دلایا کہ سنیل شیٹی ایک مشہور بھارتی اداکار ہیں اور کسی قسم کے خطرے کا باعث نہیں ہیں۔ ان کی وضاحت کے بعد پولیس نے سنیل کو رہا کر دیا۔
اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے سنیل شیٹی نے کہا کہ وہ اس پاکستانی شہری کے بے حد شکر گزار ہیں، جنہوں نے مشکل وقت میں مدد کر کے یہ ثابت کیا کہ انسانیت کسی بھی سرحد سے بڑھ کر ہوتی ہے۔

