کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق کپتان شاہد آفریدی نے وسیم اکرم کے ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کے بیان پر سخت ردعمل دیا۔وسیم اکرم سمیت کئی سابق کرکٹرز نے پاکستان کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے مرحلے میں باہر ہونے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا اور تجویز دی کہ 5 سے 6 سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم سے نکال دینا چاہیے، کیونکہ ان کی موجودگی کے باوجود پاکستان بڑے ٹورنامنٹس جیتنے میں ناکام رہا ہے۔
ٹین اسپورٹس پر گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے خاص طور پر محمد رضوان اور دیگر کھلاڑیوں پر تنقید کی اور کہا کہ سلیکٹرز کو جرات مندانہ فیصلے لینا ہوں گے۔ ان کے مطابق، گرین شرٹس کو 2026 ٹی20 ورلڈکپ کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے، چاہے ابتدائی طور پر شکستیں ہی کیوں نہ دیکھنی پڑیں، لیکن نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔
تاہم، شاہد آفریدی نے ایک نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے وسیم اکرم کے بیان پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر 5 سے 6 کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کر دیا جائے تو ان کی جگہ لینے کے لیے موزوں کرکٹرز موجود بھی ہیں یا نہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑیوں کو ہٹانا خود تنقید کا باعث بن سکتا ہے، اور اگر اس کے باوجود ٹیم کے نتائج نہ بدلے تو پھر کیا ہوگا؟ انہوں نے مزید کہا کہ اگر نئے کھلاڑی ٹیم میں آئے اور ناکامی کے بعد یہی جواز دیا کہ وہ ورلڈکپ کی تیاری کر رہے تھے، تو ایک بار پھر ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ شروع ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف بدترین شکستوں کے بعد پہلے ہی مرحلے میں باہر ہونا پڑا، جس کے بعد ٹیم پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، بابر اعظم، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کے پیش نظر دورہ نیوزی لینڈ سے باہر کیے جانے کا امکان ہے۔

.jpg)