بنوں کینٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، سیکیورٹی فورسز نے چھ حملہ آور ہلاک کر دیے

0

بنوں/ مانیٹرنگ ڈیسک: خوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، جس کے دوران چھ حملہ آور مارے گئے۔



سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں گھسنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں کینٹ کی دیوار سے ٹکرانے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی مؤثر کارروائی کے باعث دہشت گرد بوکھلا گئے اور ان کی گاڑیاں دیوار سے ٹکرا گئیں۔

ذرائع کے مطابق مختلف داخلی راستوں پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے چھ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا، جبکہ باقی دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

دھماکوں کے نتیجے میں ایک قریبی مسجد اور کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق گھروں کی چھتیں گرنے سے متعدد شہری زخمی ہوئے، جبکہ کچھ کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ڈی ایچ کیو اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر نعمان کے مطابق حملے میں 15 شہری شہید اور 25 زخمی ہوئے، جن میں چار بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان میں شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ان دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ تمام حملہ آوروں کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

صدر آصف علی زرداری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں افطار کے وقت ایسا بزدلانہ حملہ ناقابل قبول ہے اور پوری قوم ایسی کارروائیوں کو مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف مسلسل کارروائیوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !