پشاور: ملاکنڈ یونیورسٹی کے ایک لیکچرار پر طالبہ کو ہراساں کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر انہیں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کے اردو ڈپارٹمنٹ کے لیکچرار عبدالحسیب پر ہراسانی کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جو تحقیقات میں درست ثابت ہوئے۔ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں یونیورسٹی سینڈیکیٹ نے انہیں ملازمت سے نکالنے کا فیصلہ کیا۔
عبدالحسیب کے خلاف 4 فروری کو ایک طالبہ نے اغوا اور جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج کروایا تھا، جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری طور پر انہیں معطل کر کے معاملہ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کے سپرد کر دیا تھا۔
گزشتہ روز ہونے والے سنڈیکیٹ اجلاس میں کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر لیکچرار کی برطرفی کا فیصلہ کیا گیا۔ یونیورسٹی کے ترجمان معراج نے جیو نیوز کو بتایا کہ اس فیصلے کی منظوری سنڈیکیٹ اجلاس میں دی گئی ہے اور پیر تک اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

