ٹی ٹونٹی سکواڈ سے کپتان محمد رضوان سمیت کئی کھلاڑیوں کو فارغ کردیا گیا

0

 لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ اور منیجمنٹ کے حوالے سے مشاورت مکمل کر لی ہے، جس کے نتیجے میں ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران اپنے عہدے پر برقرار رکھا جا سکتا ہے۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ کی مستقل تعیناتی کے لیے پی سی بی جلد اشتہار جاری کرے گا، جس کے بعد ممکنہ امیدواروں کو شارٹ لسٹ کر کے تقرری کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا، تاہم فوری طور پر کسی نئے کوچ کی تعیناتی کا امکان کم ہے۔ بیٹنگ کوچ کے لیے محمد یوسف کا نام زیر غور ہے، جبکہ بولنگ کوچ اظہر محمود اور فیلڈنگ کوچ محمد مسرور اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ دوسری جانب، کوچ شاہد اسلم اور آپریشن منیجر حنا منور نیوزی لینڈ کے دورے پر ٹیم کے ساتھ نہیں جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ون ڈے ٹیم کی قیادت بدستور محمد رضوان کے سپرد ہوگی اور اسکواڈ میں چند تبدیلیاں متوقع ہیں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں قیادت سمیت بڑے پیمانے پر رد و بدل کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق شاداب خان کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپے جانے کا قوی امکان ہے۔ اس سے قبل زمبابوے کے دورے پر بھی محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سے ہٹا کر سلمان آغا کو یہ ذمہ داری دی گئی تھی۔

مزید برآں، ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے محمد رضوان، بابر اعظم اور نسیم شاہ کو ڈراپ کر دیا گیا ہے، جبکہ محمد حارث، سفیان مقیم، عرفان نیازی اور عباس آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

ممکنہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شاداب خان (کپتان)، محمد حارث، سفیان مقیم، عرفان نیازی، شاہین شاہ آفریدی، عباس آفریدی، جہانداد خان، ابرار احمد، عمیر یوسف بن یوسف، خوشدل شاہ، حسن نواز، عبدالصمد، حارث رؤف، عثمان خان، حسین طلعت اور محمد علی شامل ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ مرحلے میں ہی ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں (0)

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !