اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پارٹی کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے متحرک ہیں۔
تحریک انصاف کے ایک سینئر رہنما نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، جیو نیوز کو بتایا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ پس پردہ رابطے جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور مسلسل اس معاملے پر کوششیں کر رہے ہیں، کیونکہ پارٹی اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی منظوری کے بغیر رہائی ممکن نہیں۔ تاہم، دونوں رہنما پرامید ہیں کہ مذاکرات مثبت نتائج دے سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست ملاقاتیں نہیں ہو رہیں، مگر پس پردہ کوششیں بدستور جاری ہیں۔ اگر بات چیت کامیاب ہوتی ہے تو عمران خان کو قابل ذکر ریلیف مل سکتا ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جیو نیوز سے گفتگو میں تصدیق کی کہ وہ ہر سطح پر عمران خان کی رہائی کے لیے سرگرم ہیں اور مثبت پیش رفت کے لیے پرامید ہیں۔
چند روز قبل، بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور نے پشاور میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی تھی۔ آرمی چیف کے دورہ پشاور کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے صوبے میں امن و امان اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی تھی۔ اس بارے میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں سکیورٹی معاملات زیر بحث آئے۔
ذرائع کے مطابق، علی امین گنڈاپور اپنے روابط استعمال کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی کے لیے مسلسل سرگرم ہیں، تاہم اسٹیبلشمنٹ کا مؤقف واضح ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے مسائل خود حل کرنے چاہئیں۔

