لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈکپ کو اہم ترین ایونٹس قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹورنامنٹس بین الاقوامی سطح پر بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دبئی میں ہونے والے میچز بہترین انداز میں منعقد ہوئے، اور مجموعی طور پر یہ ایک کامیاب ٹورنامنٹ ثابت ہوا۔
راجیو شکلا چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل کے لیے لاہور پہنچے، جہاں انہوں نے انتظامات کی تعریف کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان میں اپنی آمد کو خوشگوار تجربہ قرار دیا اور کہا کہ ایونٹ کے انعقاد میں شاندار انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتی ہے، نہ کہ پچ پر، اور اگر آسٹریلیا جیت جاتا تو فائنل لاہور میں منعقد ہوتا۔ تاہم، پہلے ہی فیصلہ ہو چکا تھا کہ بھارت کے تمام میچز دبئی میں ہوں گے۔
راجیو شکلا نے اس بات کو بھی سراہا کہ کئی سالوں بعد پاکستان میں آئی سی سی کا ٹورنامنٹ منعقد ہوا، اور انہوں نے پاک-بھارت کرکٹ بورڈز کی پالیسی کا حوالہ دیا، جس کے تحت دوطرفہ سیریز صرف ایک دوسرے کی سرزمین پر کھیلی جاتی ہیں۔
دوسری جانب، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دوسرے سیمی فائنل کے دوران بنگلہ دیش، جنوبی افریقا، زمبابوے، اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ کے حکام بھی موجود تھے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر فاروق احمد نے اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات بھی کی۔

