بوگوٹا (مانیٹرنگ ڈیسک) کولمبیا میں افسوسناک حادثے کے دوران چار خواتین فٹبالرز سمیت پانچ افراد آسمانی بجلی گرنے سے جان کی بازی ہار گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرین طوفان اور بارش سے بچنے کے لیے ایک درخت کے نیچے پناہ لینے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ حادثہ وسطی کولمبیا کے علاقے کاجیبیو کے قریب ایک مقامی فٹبال ٹورنامنٹ کے دوران پیش آیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق جاں بحق ہونے والی خواتین فٹبالرز کی شناخت جیدی مورالس، ڈینیئلا موسکیرا، لوز لیم، اور ایٹل وینا موسکیرا کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ ایک نامعلوم مرد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔ حادثے میں دو خواتین کھلاڑی شدید زخمی ہوئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا ہو۔ اس سے قبل نومبر میں پیرو میں فٹبالر خوسے ہیوگو ڈی لا کروز میزا بھی آسمانی بجلی کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

