کراچی / مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستانی اوپنر فخر زمان چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہونے کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان کی عدم دستیابی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق فخر زمان کی انجری شدید نوعیت کی ہے، جس کی وجہ سے وہ مزید میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ سے ہارنے کے بعد پاکستان سیمی فائنل صرف کس صورت میں کھیل سکتا ہے
پاکستانی ٹیم آج کراچی سے دبئی روانہ ہو گئی تاکہ 23 فروری کو بھارت کے خلاف میچ میں شرکت کر سکے، تاہم فخر زمان اسکواڈ کے ساتھ سفر نہیں کر رہے۔ پی سی بی نے متبادل کھلاڑی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے رابطہ کر لیا ہے اور مختلف آپشنز پر غور جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق امام الحق کا ٹیم میں شمولیت کا قوی امکان ہے، جنہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف وارم اپ میچ میں 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران فخر زمان فیلڈنگ کے دوران گر پڑے تھے، اور انہوں نے فوراً بتایا کہ وہ کھڑے ہونے کے قابل نہیں ہیں۔ فزیو کی فوری طبی امداد کے باوجود، وہ بیٹنگ کے دوران بھی مشکلات کا شکار نظر آئے۔ انجری کے باعث، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سعود شکیل نے بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کی، جبکہ فخر زمان مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرنے آئے۔ پاکستان کو اس میچ میں 60 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

