میونخ / مانیٹرنگ ڈیسک: جرمنی کے شہر میونخ میں ایک افغان شہری نے گاڑی مزدوروں کے ہجوم پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 28 افراد زخمی ہو گئے۔حکام کے مطابق دو زخمیوں کی حالت نازک ہے، جبکہ پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور 24 سالہ افغان شہری تھا، جس نے جرمنی میں پناہ کی درخواست دے رکھی تھی۔پولیس کے مطابق مشتبہ شخص پر پہلے بھی چوری اور منشیات فروشی کے سنگین الزامات عائد تھے اور اس کے خلاف ملک بدری کا حکم جاری ہو چکا تھا۔
ریاست باواریا کے وزیرِاعظم نے واقعے کو ممکنہ دہشت گردی قرار دیا۔ یہ حملہ اس وقت پیش آیا جب امریکی نائب صدر جے ڈی وانس اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں آمد متوقع تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ آشافنبورگ شہر میں چاقو کے حملے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے، اور اس حملے میں بھی ایک افغان شہری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

