سین ڈی ایگو/ مانیٹرنگ ڈیسک: وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا میں ایک مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 55 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: امریکی فوج کا طیارہ گر کر تباہ، تمام افراد ہلاک
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیر کے روز مسافر بس حفاظتی ریلنگ توڑ کر 20 میٹر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے وقت بس میں تقریباً 75 مسافر موجود تھے۔ افسوسناک واقعے میں 36 مرد اور 15 خواتین ہلاک ہوئیں، جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ بس کا ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا تھا، جس کے باعث بس چھوٹی گاڑیوں سے ٹکرا کر کھائی میں گر گئی۔ یہ حادثہ گوئٹے مالا کی حالیہ تاریخ کے بدترین ٹریفک حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
گوئٹے مالا کے صدر نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے قومی سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر مواصلات کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثے کا شکار بس 30 سال پرانی تھی لیکن اسے اب بھی سڑک پر چلنے کی اجازت حاصل تھی۔ حکام یہ جانچ کر رہے ہیں کہ آیا بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے یا نہیں۔
دریں اثنا، پبلک پراسیکیوٹر آفس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

