اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف سے نکالے جانے پر قومی اسمبلی کے رکن شیر افضل مروت کا ردعمل سامنے آیا ہے۔گزشتہ روز عمران خان کی ہدایت پر پارٹی نے شیر افضل مروت کو مسلسل پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی کے باعث تحریک انصاف سے نکال دیا۔
ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو قومی اسمبلی کی نشست بھی چھوڑنے کا کہا جائے گا۔ اس فیصلے پر ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے شیر افضل مروت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان سے بات کریں گے، کیونکہ شیر افضل مروت کی پارٹی کے لیے بڑی خدمات ہیں۔
شیر افضل مروت نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں لکھا کہ وہ ہمیشہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ وفادار رہے ہیں اور اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہیں گے۔ انہیں پارٹی کے اس فیصلے سے شدید مایوسی ہوئی ہے، جو ممکنہ طور پر ان افراد کی وجہ سے آیا جو کبھی انہیں پارٹی میں قبول نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی میں ذاتی تنازعات سے دور رہے اور ہمیشہ عمران خان کے وژن کے ساتھ کھڑے رہے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ انہیں عمران خان کو درپیش چیلنجز اور پارٹی میں ایسے عناصر کی موجودگی کا احساس ہے، جن کے اقدامات تحریک انصاف کے لیے فائدہ مند نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی میڈیا پر اپنی پوزیشن واضح کریں گے اور انہیں یقین ہے کہ انصاف کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہونے والے ورکرز مستقبل میں بھی صحیح مقصد کے لیے ان کا ساتھ دیں گے۔ آخر میں، انہوں نے پارٹی سے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی اور کہا کہ اگر فیصلہ برقرار رہا تو وہ اسے عزت کے ساتھ قبول کریں گے، مگر ناانصافی کے خلاف آ
واز بلند کرنے پر زور دیا۔

