کراچی / مانیٹرنگ ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، بیٹر سعود شکیل اور متبادل کھلاڑی کامران غلام پر جرمانہ عائد کر دیا۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق تینوں کھلاڑیوں کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سزا دی گئی۔ شاہین شاہ آفریدی پر میچ فیس کا 25 فیصد جبکہ سعود شکیل اور کامران غلام پر 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
شاہین شاہ آفریدی پر الزام ہے کہ انہوں نے جنوبی افریقی بیٹر میتھیو بریٹزکی کے راستے میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالی، ان سے جھگڑا کیا اور غیر مناسب انداز میں باڈی کنٹیکٹ کیا۔ دوسری جانب، سعود شکیل اور کامران غلام پر ٹیمبا باووما کے آؤٹ ہونے کے بعد غیر مناسب انداز میں قریب جا کر جشن منانے کا الزام ہے۔ تینوں کھلاڑیوں کو ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 353 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

