کراچی/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان نے اپنی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر لیا۔ سہ ملکی سیریز کے اپنے اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان نے کپتان محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی شاندار سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ کا 353 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں حاصل کر لیا ۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں پر 352 رنز بنائے ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کلاسن 87 میتھیو 83 جبکہ باووما 82 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔
پاکستان نے اننگز کی شروعات کیں تو پر اعتماد آغاز کے بعد بابر اعظم 23 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ جس کے بعد سعود شکیل بھی صرف 15 رنز بنا کر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ فخر زمان کا وکٹوں کے پیچھے کلاسن نے شاندار کیچ پکڑ لیا انھوں نے 41 رنز بنائے ۔ تاہم اس کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 260 رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی سانجھے داری کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا ۔ سلمان علی آغا نے 134 جبکہ محمد رضوان نے ناٹ آؤٹ 122 رنز کی اننگز کھیلی ۔ اس سے پہلے پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 350 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا تھا۔ سیریز کا فائنل جمعے کو پاکستان آور نیوزی لینڈ کے درمیان ہو گا۔

