کراچی / مانیٹرنگ ڈیسک: کراچی میں رات گئے پیش آنے والے دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔پہلا واقعہ ملیر کورٹ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں عامر نامی شہری جاں بحق جبکہ ساجد زخمی ہوگیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: بڑے شہر میں گولیاں چلنے سے کئی شہریوں کی جانیں چلی گئیں
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹریلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ جاں بحق عامر، زخمی ساجد کا بہنوئی تھا اور وہ اپنے کزن کو کینٹ اسٹیشن چھوڑ کر واپس قائد آباد جارہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔ عامر پیدائشی گونگا بہرا تھا اور چند ماہ قبل اس کی شادی ہوئی تھی۔
دوسرا حادثہ شارع فیصل پر کارساز کے قریب پیش آیا، جہاں محمد شاکر نامی شخص موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ڈمپر کے عقبی حصے سے ٹکرا گیا۔ زخمی شاکر کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس کے مطابق اہل خانہ نے کسی قانونی کارروائی کے بغیر جناح اسپتال سے میت وصول کرلی۔
واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں 119 افراد جان سے جا چکے ہیں، جن میں 87 مرد، 16 خواتین، 12 بچے اور 4 بچیاں شامل ہیں۔

