ہرنائی / مانیٹرنگ ڈیسک: بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں دھماکے کے نتیجے میں 11 مزدور جاں بحق جبکہ متعدد کان کن زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شاہرگ میں کوئلے کی کان کے قریب مزدوروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کئی افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے مطابق دھماکے میں پہلے 9 مزدور جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم بعد میں مزید 2 زخمی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی اکثریت شانگلہ کے علاقے پورن سے تعلق رکھتی ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کا علاج شاہرگ اسپتال میں جاری ہے۔ ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ دھماکے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ابتدائی رپورٹ کے مطابق سڑک کنارے نصب دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔

