صوابی/ مانیٹرنگ ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں باپ نے چار بچوں کو تیز دھار آلے سے ذبح کرنے کے بعد اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: سالی سے تعلقات استوار کرکے شوہر نے بیوی کو ذبح کر دیا
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صبح سویرے صوابی کے علاقے یارحسین سڑہ چینہ میں پیش آیا، جہاں سیف الاسلام نامی شخص نے پہلے اپنے چار بچوں کو تیز دھار آلے سے ذبح کیا اور پھر اپنی زندگی ختم کر لی۔
قتل ہونے والوں میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں، جن کی عمریں 2 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔ جاں بحق بچوں میں 12 سالہ ضیاء، 10 سالہ عبدالرحمان، 8 سالہ ثناء اور 2 سالہ بچی شامل ہیں۔
اہل علاقہ کے مطابق سیف الاسلام پیشے کے لحاظ سے ٹیلر ماسٹر تھا، اور گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے اس کی بیوی میکے چلی گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، بظاہر یہ واقعہ قتل اور زندگی کا خاتمہ لگتا ہے، تاہم مزید تحقیقات کے بعد حقائق واضح ہوں گے۔

