سڈنی / مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان میں رواں ماہ شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل آسٹریلیا کو مسلسل چار بڑے دھچکوں کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی میں نامزد آل راؤنڈر نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
آسٹریلیا کے اہم آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس نے اچانک ون ڈے کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا ان کے متبادل کھلاڑی کے نام کا اعلان کرے گا۔
چیف سلیکٹر جارج بیلے کے مطابق آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ بھی انجری کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل آل راؤنڈر مچل مارش بھی فٹنس مسائل کے باعث ٹیم سے دستبردار ہو چکے ہیں۔
آسٹریلیا کو ابتدائی اسکواڈ میں چار تبدیلیاں کرنی پڑی ہیں، جبکہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد نیا اسکواڈ حتمی شکل دے گا۔
جارج بیلے کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز ٹخنے کی انجری سے مکمل صحتیاب نہیں ہو سکے، جبکہ جوش ہیزل ووڈ کولہے کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور دونوں فاسٹ بولرز کو مزید ری ہیب کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے یہ تینوں کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی سے قبل فٹنس حاصل نہ کر سکے۔

