اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک سنی اتحاد کونسل کے سربراہ، صاحبزادہ حامد رضا، نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو تین ماہ میں نااہلی ختم کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام "کیپیٹل ٹاک" میں گفتگو کرتے ہوئے، انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس بیان کو رد کر دیا کہ عمران خان رہائی کے لیے منت سماجت کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران عمران خان نے کسی رہنما کی رہائی کا مطالبہ نہیں کیا، بلکہ خود ان کی نااہلی ختم کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: آرمی چیف نے کس بات کو عمران خان کی چال قرار دے دیا
مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پر حملہ ایک سنگین واقعہ تھا، مگر قومی اسمبلی میں حالات اس سے بھی خراب ہیں، جہاں قائد حزب اختلاف کو بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا، جبکہ پنجاب میں ایک ایس ایچ او بھی دیگر صوبوں کے آئی جیز سے زیادہ بااختیار نظر آتا ہے۔
دوسری طرف، وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کی شرط کے طور پر پہلے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا، لیکن جب انہیں 14 سال قید کی سزا ہوئی تو مذاکرات ہی ختم کر دیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی تقسیم اتنی شدت اختیار کر چکی ہے کہ اختلافات دشمنی کی حد تک پہنچ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے خود اعتراف کیا کہ انہوں نے عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی تجویز دی تھی۔

