کراچی / مانیٹرنگ ڈیسک: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی سیریز جیت لی۔ کیویز نے 243 رنز کا ہدف 46ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔کراچی میں ہونے والے فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، فخر زمان 10، سعود شکیل 8 اور بابر اعظم 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ میں شاندار ریکارڈ اپنے نام کر لیا
محمد رضوان اور سلمان آغا نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 88 رنز کی شراکت قائم کی۔ رضوان 46 جبکہ سلمان 45 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ طیب طاہر نے بھی 38 رنز کا اضافہ کیا، تاہم اختتامی اوورز میں بیٹسمین زیادہ اسکور نہ کرسکے، اور پوری ٹیم آخری اوور میں 242 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ول او رو رک نے 4 جبکہ بریس ویل اور سینٹنر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز بھی متاثر کن نہیں رہا، اور دوسرے اوور میں ول ینگ 5 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار ہوگئے۔ کین ولیمسن اور ڈیوون کونوے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، مگر ولیمسن 34 اور کونوے 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ٹوم لیتھم اور مچل نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس دوران لیتھم کو دو مواقع ملے، ایک بار ابرار نے انہیں ایل بی ڈبلیو کیا، مگر ریویو نہیں لیا، جبکہ اگلے اوور میں شاہین آفریدی ان کا کیچ نہ پکڑ سکے۔ مچل نے 57 اور لیتھم نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ نے 46ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا اور سہ فریقی سیریز میں پاکستان کو شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 جبکہ شاہین، ابرار اور سلمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

