اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے انکشاف کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جیل سے کسی شخصیت کے نام کوئی خط نہیں لکھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: عمران خان کا مبینہ خط، پاک فوج کا جواب آ گیا
تفصیلات کے مطابق عبدالغفور انجم نے جنگ کے خصوصی رپورٹنگ سیل سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر جیل میں کوئی زیر حراست شخص کسی کو خط تحریر کرے، تو جیل انتظامیہ اور سپرنٹنڈنٹ اس کی جانچ پڑتال کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے جیل سے آرمی چیف یا چیف جسٹس کے نام کوئی خط ارسال نہیں کیا۔
عبدالغفور انجم کے مطابق، جیل قوانین کے تحت خط لکھنے کے لیے قیدی کو پہلے جیل انتظامیہ سے اجازت لینا ہوتی ہے۔ سپرنٹنڈنٹ خط کو پڑھ کر اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ اس میں کوئی اشتعال انگیز یا غیر قانونی مواد موجود نہ ہو، تب ہی اسے آگے بھیجا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سزا یافتہ قیدی کو ہفتے میں دو ملاقاتوں کی اجازت دی جاتی ہے، اور اگر وہ ایک خط لکھے تو اس کی ملاقات کا حق محدود ہو جاتا ہے۔ تاہم، عمران خان کو ہفتے میں تین ملاقاتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ جیل میں آنے والے خطوط کی جانچ اور سنسرنگ بھی سپرنٹنڈنٹ کی ذمہ داریوں میں شامل ہے تاکہ کسی بھی قسم کا غیر مناسب پیغام باہر نہ جا سکے۔

