نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست بہار میں ایک خاتون نے اپنے شرابی اور بدسلوک شوہر سے تنگ آ کر قرض کی وصولی کرنے والے ایجنٹ سے شادی کر لی۔ رپورٹس کے مطابق اندرا کماری کی 2022 میں نکل شرما سے شادی ہوئی تھی، تاہم شادی کے بعد سے ہی وہ مسلسل شوہر کے تشدد اور ظلم کا شکار رہی۔ مسلسل جسمانی اور ذہنی اذیت جھیلنے کے بعد اندرا نے اس رشتے کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نیوز 18 کے مطابق اندرا کی ملاقات پون کمار یادو سے ہوئی، جو ایک فنانس کمپنی میں قرض کی وصولی کا کام کرتا ہے۔ پہلے یہ ملاقاتیں صرف قسطوں کی وصولی کے سلسلے میں ہوتی تھیں، لیکن آہستہ آہستہ یہ تعلق دوستی اور پھر محبت میں بدل گیا۔ دونوں نے تقریباً پانچ ماہ تک اپنے تعلق کو خفیہ رکھا اور 4 فروری کو مغربی بنگال فرار ہو گئے، جہاں اندرا کی خالہ رہتی ہیں۔ کچھ دن وہاں گزارنے کے بعد 11 فروری کو واپس جموئی آ کر ایک مندر میں ہندو رسم و رواج کے مطابق شادی کر لی۔
شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ معاملہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ پون کے گھر والوں نے شادی قبول کر لی، لیکن اندرا کے خاندان نے سخت مخالفت کرتے ہوئے پون کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔ اندرا کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے اور وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔ دونوں کو خدشہ ہے کہ اندرا کے اہل خانہ اور معاشرہ انہیں نقصان پہنچا سکتا ہے، اسی لیے انہوں نے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

